اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع بریگیڈيئر جنرل احمد وحیدی نے پیر کے روز العالم کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا: ہم اپنی دفاعی صلاحیت مسلم ممالک کی خدمت کے لئے پیش کرنے کے لئے تیار ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران نے ڈرون طیاروں کی صنعت میں شاندار ترقی کی ہے۔انھوں نے کہا: ایران الٹرا ماڈرن ڈرون تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا اور بغیر پائلٹ کے ایسے تیارے تیار کرسکتا ہے جو طول مدت اور فاصلے تک پرواز کرنے کے ساتھ ساتھ دشمن کی نگرانی بھی کرسکتا ہے اور دشمن کے ٹھکانوں کو تباہ بھی کرسکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا: جدیدترین ٹیکنالوجی سے تیار کردہ یہ طیارے طویل عرصے تک پرواز کرنے کے ساتھ ساتھ دشمن کے راڈار سسٹم سے اوجھل رہنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اور جیسا کہ ہم نے اس سے پہلے بھی اعلان کیا ہے ہم اپنی دفاعی صلاحیت مسلم اقوام کی خدمت کے لئے دوست اور برادر ملکوں کو دینے کے لئے تیار ہیں اور خاص طور پر ان ممالک کو اس سلسلے میں ترجیح دی جائے گی جن کو صہیونی ریاست کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لئے اس طرح کے ڈرونز کی ضرورت ہوگی۔ ایرانی رکن پارلیمان: ایوب ڈرون سے حاصل شدہ تصاویر ہمارے پاس ہیںاسلامی جمہوریہ ایران کے رکن پارلیمان نے کہا: حزب اللہ کے پاس ایوب ڈرون سے زیادہ جدید ٹیکنالوجی موجود ہے اور صہیونی ریاست کی حساس تنصیبات پر پرواز کرتے ہوئے گرائے جانے والے ڈرون "ایوب" سے حاصل کردہ ویڈیو تصاویر اسلامی جمہوریہ ایران کے پاس ہیں۔اطلاعات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے رکن پارلیمان اور پارلیمان میں قومی سلامت اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن "اسمعیل کوثری" نے اتوار کے روز العالم کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: حزب اللہ کے پاس "ایوب ڈرون" سے کہیں زيادہ جدید ٹیکنالوجی موجود ہے لیکن جب تک حزب اللہ ضرورت محسوس نہيں کرے گی اپنے پاس اس جدید ٹیکنالوجی کی موجودگی کا اعلان نہيں کرے گی جس کی وجہ یہ ہے کہ یہ ٹیکنالوجی عام تصور سے کہيں زیادہ ترقی یافتہ ہے جس کی بناپر ہم کہتے ہیں کہ اگر اسرائیل نے ایران کے خلاف کوئی اقدام کرنے کی حماقت کی تو ہم صہیونیوں کی سرزمینی حدود کے اندر ہی ان کے خلاف کاروائی کریں گے۔ انھوں نے کہا: ہم تصدیق کرتے ہیں کہ ایوب ڈرون نے صہیونیوں کے زیر قبضہ فضاؤں میں پرواز کرتے ہوئے صہیونی افواج کے حساس اڈوں اور نہایت اہم مقامات کی ویڈیو تصاویر آنلائن بھجوائی ہیں اور ممنوعہ علاقوں کی یہ ویڈیو تصاویر ہمارے پاس ہیں۔ انھوں نے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران گذشتہ تین عشرون سے ڈرون ٹیکنالوجی سے استفادہ کررہے ہیں اور صدام کی مسلط کردہ جنگ کے دوران ہمارے جاسوسی ڈرونز بعثی افواج کے ٹھکانوں کی مؤثر نگرانی کرتے رہے ہیں اور ہمارے پاس ایسے ڈرونز کی تیاری کی صلاحیت موجود ہے جس میں مختلف قسم کے ہتھیار، بم اور راکٹ نصب کئے جاسکتے ہیں۔انھوں متنبہ کیا کہ حزب اللہ کی کاروائیاں پھر بھی دہرائی جاسکتی ہیں جیسا کہ 33 روزہ جنگ کے دوران کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ حزب اللہ کے مجاہدین اسرائیل کا جنگی بحری جہاز تباہ کرسکتا ہے لیکن انھوں نے ایسا کرکے دکھایا۔ انھوں نے کہا: ہم نے ابھی تک ان تمام فوجی حصول یابیوں کا اعلان نہیں کیا ہے جو ہم اپنے انجنئیروں کی مدد سے حاصل کرچکے ہیں اور ہم ضرورت کے وقت ان کو بروئے کار لائیں گے تو ہمارے دشمن دیکھ لیں گے کہ ہماری قوت ان کی معلومات سے کہيں زيادہ ہے۔
29 اکتوبر 2012 - 20:30
News ID: 360736
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے کہا: ملک میں ڈرون کی صنعت نے شاندار ترقی کی ہے اور الٹراماڈرن ٹیکنالوجی کے ذریعے نئے ڈرون تیار کئے جارہے ہیں۔ / ہم ایرانی ساختہ جدید ڈرونز مسلم اقوام اور دوست و برادر ملکوں کو فروخت کرنے کے لئے تیار ہیں / ایرانی رکن پارلیمان: ایوب ڈرون سے حاصل شدہ تصاویر ہمارے پاس ہیں۔